کاروار:27/اگست(ایس او نیوز) ضلع میں اگر کسی نے نالے تالاب وغیرہ پر قبضہ کرکے دکان یا مکان تعمیر کیا ہو تو اس کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے بغیر کسی رعایت کے اُنہیں وہاں سے نکال باہر کریں، اس بات کا حکم ریاستی وزیر برائے تحصیل کاگوڈ تمپا نے دیا۔ وہ یہاں ڈی سی دفترمیں منعقدہ محکمہ تحصیل کی ترقیاتی جائزہ میٹنگ میں سرکاری زمینات کی حفاظت کے متعلق بات کررہے تھے۔
میٹنگ میں موصوف وزیر صاحب نے کہا کہ عوام نے جہاں جہاں بھی سرکاری زمینات پرقبضہ (آتی کرم) کیا ہو،اس کی نشاندہی کریں اور اُن زمینا ت کوواپس اپنی تحویل میں لیں۔ زمینات کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد اُن زمینات کو باڑھ لگائیں، نالے وغیرہ پر کسی نے اتی کرم کیا ہے تو فوری طورپر اس کو نکال باہرکریں۔ اتی کرم کے متعلق کوئی شکایت کرتاہے تو قانون کے مطابق خود تحصیلدار کارروائی کرے۔ اتی کرم کے متعلق کسی طرح کی کوئی غفلت نہ برتی جائے، اگر کوئی آفسر لاپرواہی برتتا ہے تو متعلقہ افسر کو ہی ذمہ دار مانا جائے گا۔
فوریسٹ حق پترا: کاگوڈ تمپا نے بتایا کہ مختلف وجوہات کی بنا پرفوریسٹ حق پترا(محکمہ جنگلات کی جانب سےرہائش کے لئے اجازتی خط ) کی عرضیوں کاتصفیہ کرنے میں تاخیر ہورہی ہے، انہوں نے آفسران کو تاکید کہ کہ قانون کے مطابق عرضیوں کا تصفیہ کریں جس کے لئے قانون میں واضح رہنمائی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سرکار کی طرف سے بھی ایک حکم جاری کیا جائے گا۔ کاگوڈ تمپا نے بتایا کہ ضلع میں 1173 فاریسٹ حق سمیتیوں کی تشکیل کی گئی ہے،جس میں شہری علاقوں کے 213 وارڈوں میں فوریسٹ حقوق سمیتی بھی شامل ہیں، ان سمیتیوں کی جانب سے جملہ 91,110 عرضیاں وصول ہوئی ہیں جن میں سے اب تک 38,340 عرضیوں کا جائزہ مکمل ہواہے، انہوں نے متنبہ کیا کہ عرضیوں کے تصفیہ میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
کاگوڈ تمپا نے بتایا میٹنگ میں موجود آفسران کو بتایا کہ ضلع میں گاؤں ٹھانہ زمینات پر رہائش اختیار کرنےو الوں کوبھی حق پترا دینے کی سہولت ہے۔ ایسے لوگوں سے از خود عرضی وصول کرکےاُنہیں حق پترا دیں۔ اس سلسلے میں تمام تعلقہ جات کے نوڈل افسران ، پی ڈی اؤ کی میٹنگ منعقد کرکے جانکاری دیں۔ بقیہ بغیر حکم معاملات کو ایک مہینہ میں حل کرلیں۔ راشن کارڈ کی تقسیم کاری کے متعلق کوئی شکایت موصول ہوتی ہے فوری طورپر جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیں۔ مزید بتایا کہ مقامی طور پر ہر ایک کو راشن کاسامان مہیا ہونےکی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ہر کلسٹر لیول پر عوامی میٹنگ: کاگوڈ تمپا نے میٹنگ میں موجود آفسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر گاؤں میں دیکھیں کہ وہاں شمشان ہے یا نہیں ، سرکاری ہاسٹل ، مرارجی دیسائی رہائشی اسکول وغیرہ کو ترجیحی بنیاد پر زمینات عطاکریں۔ عوامی اسپندنا میٹنگ کا انعقاد ایک سلسلہ وار کام ہے، انہوں نے تمام تعلقہ جات کے تحصیلدار کو حکم دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کلسٹر لیول پرعوامی اسپندنا میٹنگ کاانعقاد کریں۔ انہوں نے ولیج اکاؤنٹنٹ اور تحصیل آفیسران کو تاکید کی کہ وہ جن علاقوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اُن ہی علاقوں میں رہائش اختیار کریں، اگر ان کے لئے کوارٹرس تعمیر کرنے کے لئے زمین کی نشاندہی کی جاتی ہے تو گھر تعمیر کے لئے امداد بہم پہنچائی جائے گی۔ اس سلسلے میں پیش کش ارسال کریں۔ انہوں نے آفسران سے ٹیکس وصولی میں تیزی لانے اور فائل تصفیہ کا کام طئے شدہ وقت پر مکمل کرنے کی بھی بات کہی ۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر ، رکن اسمبلی ستیش سئیل ، شیورام ہیبار، شارداشٹی ، ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول سمیت دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔